سرکاری میڈیکل کالجس میں اسسٹنٹ پروفیسرس کے عنقریب تقررات

   

8 نئے کالجس کے لیے 200 جائیدادیں ، محکمہ صحت کی ہدایت پر میڈیکل ریکروٹمنٹ بورڈ کی تیاری
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میڈیکل ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے عنقریب ریاست کے مختلف سرکاری میڈیکل کالجس میں مخلوعہ 607 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ نئے قائم ہونے والے 8 میڈیکل کالجس کیلئے 200 اسسٹنٹ پروفیسرس کی ضرورت ہے ۔ جس کے پیش نظر حکومت نے میڈیکل کالجس کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اپنی ساری توجہ مرکوز کردی ہے ۔ طبی تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کی محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے اور ساتھ ہی گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 607 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دی گئی ہے ۔ ان تمام جائیدادوں کو میڈیکل ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ بھرتی کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ میڈیکل ریکروٹمنٹ بورڈ نے حال ہی میں ڈائرکٹوریٹ آف پبلک ہیلت کے تحت ہاسپٹلس میں 435 ایم بی بی ایس ( سیول اسسٹنٹ سرجن ) کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ اس نوٹیفیکیشن کی اجرائی کے بعد چہارشنبہ تک 2400 درخواستیں وصول ہوئی ۔ آج جمعرات شام تک درخواستیں داخل کرنے کی مہلت ختم ہوجائے گی ۔ عہدیداروں کا اندازہ ہے کہ آخری دن مزید 1000 درخواستیں وصول ہوں گی ۔۔ 2