اسٹاف سلیکشن کمیشن ، یو پی ایس سی ، ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ جیسے اداروں کے ذریعہ معمول کی بھرتی برقرار، کانگریس کی توجہ دہانی پر ردعمل
نئی دہلی : مرکز نے آج وضاحت کی کہ محکمہ مصارف کا جمعہ کو جاری کردہ سرکولر سرکاری نوکریوں کے لیے تقررات پر اثر انداز نہیں ہوگا اور نہ کوئی کٹوتی کی جائے گی ۔ یہ سرکولر معاشی بحران کے درمیان سرکاری مصارف میں کٹوتی کی غرض سے جاری کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت یہ وضاحت کانگریس کے اس مطالبہ کے چند گھنٹوں میں جاری کی گئی کہ مرکز وہ سرکولر سے دستبرداری اختیاری کرے جس میں نئی جائیدادوں کو منجمد کردینے کی بات کہی گئی ہے ۔ اپوزیشن پارٹی نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ جائیدادیں تشکیل دی جائیں تاکہ بڑھتی بے روزگاری کو دور کیا جاسکے ۔ ( کانگریس اور راہول گاندھی کا مطالبہ صفحہ 5 پر ) حکومتی وضاحت میں کہا گیا کہ محکمہ مصارف کا سرکولر مورخہ 4 ستمبر 2020 جائیدادوں کی تشکیل کے لیے داخلی طریقہ کار سے متعلق ہے اور یہ کسی بھی دیگر شعبہ پر یا سرگرمی پر اثر انداز نہیں ہوگا نیز رکروٹمنٹ کی سرگرمی میں کمی نہیں کی جائے گی۔ فینانس منسٹری نے ہفتہ کو ٹوئیٹ میں وضاحت کی اور کہا کہ سرکاری جائیدادوں کی بھرتی پر امتناع یا کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی ۔
اسٹاف سلیکشن کمیشن ، یو پی ایس سی ، ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ وغیرہ جیسی گورنمنٹ ایجنسیوں کے ذریعہ معمول کی بھرتیاں کسی تحدید کے بغیر جاری رہیں گی ۔ اس محکمہ نے قبل ازیں اپنے سرکولر میں بعض غیر ترقیاتی مصارف پر امتناع عائد کیا تھا تاکہ کلیدی ترجیحی اسکیمات کی ضرورتوں کی تکمیل میں درکار وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس میں اعلان کیا گیا ہے کہ کوئی بھی نئی جائیدادیں محکمہ مصارف اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی منظوری کے بغیر تشکیل نہ دی جائیں ۔ یہ محکمہ وزارت فینانس کے تحت کام کرتا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دراصل وزیراعظم کی ایما پر وزارت فینانس نے اخراجات میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کا مقصد کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے وسائل کو یقینی بنانا بھی ہے ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اس مسئلہ پر مرکز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ مودی حکومت کی سونچ ’’اقل ترین حکومت ، زیادہ سے زیادہ اعظم ترین نج کاری ‘‘ پر مبنی ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹر کے ذریعہ الزام عائد کیا کہ وباء کوویڈ19- تو محض بہانہ ہے اور اصل مقصد حکومتی دفاتر کو مستقل اسٹاف سے ’’ پاک ‘‘ کرنا ہے ۔سابق مرکزی وزیر راجیو شکلا نے بھی کہا تھا کہ حکومت نوکریاں پیدا کرنے سے قاصر ہے ۔ ۔