سرکاری وکیل کو پتہ نہیں کورونا وبا کب آئی؟

   

سپریم کورٹ نے جرمانہ عائد کیا
نئی دہلی: ہماچل پردیش کے سرکاری وکیل کو نہیں معلوم کہ ملک میں کورونا وائرس کی پہلی لہر کب آئی تھی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اپیل دائر کرنے میں تقریبا دو سال کی تاخیر اور وکیل کے جواب سے برہم ہوکر سپریم کورٹ نے پیر کے روز 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ریشکیش رائے کی ڈویژن بنچ نے ریاستی حکومت کی جانب سے فوجداری مقدمہ میں اپیل دائر کرنے میں 636 دن کی تاخیر پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور سرکاری وکیل کے جواب پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت عظمی نے اپیل دائر کرنے کے ذمہ دار افسران سے جرمانے کی رقم وصول کرنے کی بھی ہدایت دی۔ جسٹس کول نے کہا کہ افسران میں اس حد تک نااہلی دیکھی جا رہی ہے ؟ آپ کو یہ بھی معلوم نہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کب آئی؟ یہی وجہ ہے کہ آپ اپنا کام نہیں کر رہے ؟ حکومت کی اپیل 636 دنوں کی تاخیر سے دائر کی گئی۔