اعداد و شمار کی غلط انداز میں پیشکشی سے مریضوں کو مشکلات ، دواخانوں میں بستر عدم دستیاب
ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کو فوری دواخانوں میں شریک ہونے کے خواہشمند مریضوں اور رشتہ داروں کے لئے ایک ہیلپ لائن شروع کرنی چاہئے تاکہ حکومت کی جانب سے جو مخلوعہ بستروں کے اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں ان کے مطابق مریضوں کو خانگی یا سرکاری دواخانوں میں شریک کروانے کے اقدامات میں سہولت حاصل ہوسکے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے بستر وں کی موجودگی کے دعوؤں کو درست ثابت کرنے کیلئے اگر محکمہ صحت کی جانب سے ہی ایک ہیلپ لائن شروع کی جاتی ہے اور جو مریض خانگی دواخانہ میں شریک ہونا چاہتے ہیں انہیں خانگی اور جو سرکاری دواخانہ میں شریک ہونا چاہتے ہیں انہیں سرکاری دواخانوں میں شریک کروانے میں مدد کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں مریضوں کے رشتہ داروں کو مختلف دواخانوں میں مریض کو لے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور حکومت کی جانب سے ہدایت کے بعد کسی بھی دواخانہ میں بستر موجود نہیں ہے کا بہانہ نہیں بنایاجاسکے گا۔
حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں مخلوعہ بستروں کی تفصیلات آن لائن جاری کی جانے لگی ہیں لیکن یہ تفصیلات درست نہیں ہیں بلکہ من مانی اطلاعات ریاستی حکومت کے پورٹل پر ڈالی جا رہی ہیں کیونکہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ریاست میں 40 فیصد بستر خانگی دواخانو ںمیں خالی ہیں جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے اور خانگی دواخانوں میں بستروں کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے آج صبح جاری کی جانے والی تفصیلات میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری و خانگی دواخانوں میں جملہ 43ہزار 496بستر ہیں جن میں 16 ہزار 468 مریض زیر علاج ہیں اور مابقی 27ہزار 28 بستر مخلوعہ ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے مخلوعہ بستروں کی تعداد کے متعلق کہا جا رہاہے لیکن یہ تفصیلات نہیں بتائی جا رہی ہیں کہ کس دواخانہ میں کتنے بستر مخلوعہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں سرکاری دواخانوں میں جملہ 13ہزار 919 بستر موجود ہیں جن میں 4ہزار54 مریض زیر علاج ہیں اور 9ہزار865 بستر اب بھی مخلوعہ ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں 1894 آئی سی یو وینٹیلیٹر بستر موجودہیںجن پر 903 مریض زیر علاج ہیں اور 991 بستر اب بھی مخلوعہ ہیں۔محکمہ صحت کے تحت چلائے جانے والے دواخانوں میں آکسیجن بستروں کی جملہ تعداد 6516 بتائی گئی ہے جن پر 2512 مریضوں کے زیر علاج ہونے کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ 4004 آکسیجن بستر سرکاری دواخانہ میں مخلوعہ ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں عام بستروں کی تعداد جملہ 5509 ہے جن پر 639 مریض زیر علاج ہیں اور 4870 بستر خالی ہیں۔ اسی طرح ریاست
تلنگانہ میں خانگی دواخانوں میں جملہ 13ہزار 426سادہ بستر موجود ہونے کادعوی کیا جا رہاہے جس پر 3806مریضوں کے زیر علاج ہونے کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیںاور کہا جا رہاہے کہ 15ہزار129 بستر خانگی دواخانوں میں مخلوعہ ہیں۔ خانگی دواخانوں میں آکسیجن بستروں کے سلسلہ میں کہا جا رہا ہے ان کی جملہ تعداد 9ہزار433 ہے جبکہ ان پر 5401مریض زیر علاج ہیں اور 4032 آکسیجن بستر مخلوعہ ہونے کا دعویٰ کیا جا رہاہے جبکہ حقیقت ایسی نہیں ہے اور خانگی دواخانوں میں مریضوں کو شریک کرنے سے انکار کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ بستر موجودنہیں ہے۔بتایاجاتا ہے کہ خانگی دواخانوں میں جملہ 6718 آئی سی یو بستر موجود ہیں جن پر 3846 مریض زیر علاج ہیں اور 2872بستر مخلوعہ ہیں۔حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات میں یہ دعویٰ کیا جا رہاہے جبکہ خانگی دواخانوں میں مریضوں اور ان کے رشتہ داروں سے کہا جا رہاہے کہ ان کے پاس کوئی بستر موجود نہیں ہیں۔