سرکاری ڈاکٹروں کی غفلت ، سر میں لوہے کا نٹ چھوڑدیا

   

ٹاملناڈو: کارتیکیان ٹاملناڈو میں تروپتر ضلع کے وانیامباڈی علاقے سے لاری ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے۔ پیر کی صبح تقریباً 5 بجے ایک پرائیویٹ بس نے کارتی کیان کی لاری کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ جس کے نتیجے میں لاری بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے ایک کھائی میں الٹ گئی۔ اس حادثے میں کارتیکیان کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ مقامی لوگوں نے اسے بچایا اور ویلور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج لے گئے۔ وہاں ڈاکٹروں نے متاثرہ کا علاج کیا اور سر پر ٹانکے لگائے۔ ڈاکٹروں نے اس کا علاج کر کے گھر بھیج دیا۔تاہم زخم سے خون بہنا بند نہ ہونے پر اہل خانہ کو شک ہوا اور اسے خانگی دواخانہ لے گئے۔ ڈاکٹروں نے وہاں اسکیان کیا تو اصل بات سامنے آئی۔ سر پر جہاں ٹانکے لگائے گئے تھے وہاں لوہے کی نٹ دیکھ کر ڈاکٹر حیران رہ گئے۔اسکیان میں ڈاکٹروں کو کارتیکیان کے سر میں لوہے کا نٹ ملا۔ بعد میں آپریشن کیا گیا اور آئرن نٹ نکال دیا گیا۔