سرکاری گاڑیوں کی خریدی میں بے قاعدگیاں: پونالا لکشمیا

   

پارٹی قائدین کو فائدہ پہنچانے چیف منسٹر کی کوشش، انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالا لکشمیا نے الزام عائد کیا کہ پلے پرگتی، پٹنا پرگتی کے نام پر پنچایتوں اور میونسپالٹیز میں گاڑیوں کی خریدی میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی جارہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالا لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس کے حامیوں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے چیف منسٹر کے سی آر نے گاڑیوں کی خریدی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی کے سی آر کو کوئی فکر نہیں اور وہ حالیہ بلدی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہیں۔ پونالا لکشمیا نے کہا کہ انتخابات سے قبل کئے گئے وعدے ابھی مکمل نہیں کئے گئے تو دوسری طرف پلے پراگتی اور پٹنا پراگتی کے نام پر عوام کو پھر ایک بار دھوکہ دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں میں شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کے وعدے کئے جائیں گے لیکن عمل آوری کے لیے فنڈس کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر صرف وعدوں کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ انہیں انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔