سرینگرتصادم :لشکرطیبہ کے 2جنگجو ہلاک : آئی جی کشمیر

   

سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے بشمبر نگر ڈلگیٹ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے جبکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ تصادم میں لشکر طیبہ کا پاکستانی کمانڈر اور اُس کا ساتھی مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جس رہائشی مکان میں ملی ٹینٹ موجود تھے اُس کو سیز کیا جائے گا۔پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار کے روز سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر بشمبر نگر ڈلگیٹ سری نگر کے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو جنگجو مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔ اُن کے مطابق مائسمہ سری نگر میںسی آر پی ایف پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو براہ براست ملوث تھے