سری نگر : انڈین ریلوے نے ہفتہ کے روز شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ ریلوے اسٹیشن سے سری نگر کے نوگام ریلوے اسٹیشن تک پہلی وندے بھارت ٹرین کا کامیاب ٹرائل رن انجام دیا۔یہ ٹرین ہندوستان کے پہلے کیبل اسٹیڈ ریلوے پل اور دریائے چناب پر تعمیر ہوئے دنیا کے سب سے اونچے پل سے گذرے گی۔ تفصیلات کے مطابق یہ ٹرین کٹرہ ریلوے اسٹیشن سے ہفتے کی صبح ٹھیک 8 بجے سری نگر کی طرف روانہ ہوئی اور صبح کے 10 بجے اننت ناگ پہنچی اور اس کے بعد ٹھیک 11 بجے صبح سری نگر کے نوگام ریلوے اسٹیشن پر پہنچی۔حکام نے بتایا کہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا ایک طرفہ ٹرائل رن آج مکمل ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹرین جمعہ کو جموں ڈویژن میں پہنچی اور آج یعنی ہفتہ کو سری نگر پہنچی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں منفرد طور پر سردی کے موسم میں سرد حالات کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں جن میں خصوصیت کی جدید ٹیکنالوجیز ہیں تاکہ آرام، حفاظت اور بھروسے کو یقینی بنایا جا سکے ۔