سری رنگاپٹنم کی جامع مسجد کو مندر قرار دینے کا عدلیہ سے مطالبہ

   

بنگلور: کرناٹک میں سری رنگا پٹنم جامع مسجد تنازعہ نے اس وقت نیا موڑ لے لیا جب بجرنگ دل نے ہائی کورٹ میں اسے خالی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست داخل کی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مندر کو گرا کر یہ مسجد بنائی گئی ہے۔ بجرنگ دل کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ منڈیا ضلع کے تاریخی سری رنگا پٹنم شہر میں واقع جامع مسجد میں ہندو دیوتاؤں اور مندروں کے ڈھانچے کے آثار موجود ہیں۔ اس لیے اسے فوری طور پر خالی کر دیا جائے، ساتھ ہی ہندو عقیدت مندوں کو یہاں واقع کلیانی (روایتی آبی ذخیرے) میں نہانے کی اجازت دی جائے۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے گیان واپی مسجد کی طرز پر مسجد کا دوبارہ سروے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پی آئی ایل بجرنگ دل کے ریاستی صدر منجوناتھ اور دیگر 108 نے دائر کی ہے۔ بجرنگ دل کے ذرائع بتاتے ہیں کہ ہندو روایت میں 108 نمبر کو مبارک مانا جاتا ہے اس لیے 108 عقیدت مند بنائے گئے ہیں۔