سری لنکا بحریہ نے ٹاملناڈو کے 13ماہی گیروں کو کیا گرفتار

   

پڈوکوٹائی: سری لنکائی بحریہ نے ڈیلفٹ جزیرے کے نزدیک اپنی آبی حدود میں غیر قانونی شکار میں ملوث ہونے کے الزام میں جمعرات کو تمل ناڈو کے 13 ماہی گیروں کو گرفتار کیا اور ان کی تین ماہی گیری کی کشتیوں کو ضبط کر لیا۔تمل ناڈو کے ماہی گیری کے عہدیداروں نے یہاں بتایا کہ پڈوکوٹائی ضلع کے رہنے والے ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحری افواج نے بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کے نزدیک گہرے سمندر میں ماہی گیری کے دوران حراست میں لیا۔دریں اثنا، سری لنکا کی بحریہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ غیر ملکی ماہی گیری کی کشتیوں کو غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے سے روکنے کے لیے باقاعدہ گشت اور آپریشن کرتے ہیں۔ خصوصی کارروائیوں کے ایک حصے کے طور پر، شمالی بحریہ کی کمان نے ہندوستانی کشتیوں کے ایک گروپ کو منتشر کرنے کے لیے فاسٹ اٹیک کرافٹ تعینات کیا، جس کے نتیجے میں 13 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا اور تین ہندوستانی کشتیوں کو ضبط کرلیا گیا۔گرفتار ہندستانی ماہی گیروں اور ضبط شدہ کشتیوں کو کنکیسنتھورائی بندرگاہ لے جایا گیا، جہاں انہیں قانونی کارروائی کے لیے فشریز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کی بحریہ نے اس سال اب تک 252 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور کل ملاکر 345 ہندوستانی کشتیاں ضبط کی ہیں۔