سری لنکا میں بدترین معاشی بحران جاری، لگژری اشیا کی درآمد پر مکمل پابندی

   

کولمبو : معاشی بحران سے دوچار ملک سری لنکا نے بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے مزید تین سو اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سری لنکن صدر رانیل وکرم سنگھے نے ہوم اپلائنسز، آلات اور کھیلوں کی اشیا سمیت دیگر کی درآمد پر پابندی لگائی ہے۔دو کروڑ بیس لاکھ کی آبادی والا ملک سری لنکا غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث ضروری استعمال کی اشیا منگوانے سے بھی قاصر ہے۔گزشتہ ہفتے سری لنکا کے مرکزی بینک نے اعلان کیا تھا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے تاہم اس کے باوجود حکومت نے مزید اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کر دی۔رواں سال میں سری لنکا کی معیشت 8 فیصد تک سکڑنے کا امکان ہے جبکہ ستمبر تک مہنگائی کی شرح 65 فیصد تک پہنچ جائے گی۔غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کے غیرملکی قرضے نے سری لنکا کو دیوالیہ ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔مالی بحران سے نکلنے کے لیے چہارشنبہ کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سری لنکن حکام سے مذاکرات متوقع ہیں تاہم اگر چین کی جانب سے دیے گئے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف نہ ملی تو آئی ایم ایف کی جانب سے قسط کی ادائیگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔