سری لنکا میں دہشت گردانہ حملوں کا کلیدی ملزم گرفتار

   

Ferty9 Clinic

پیرس،15جون(سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا میں اس سال ایسٹر سنڈے کے روز کئے گئے دہشت گردانہ حملوں کا مرکزی مبینہ ملزم پکڑا گیا ہے ۔ یہ بات پیرس میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول نے بتائی۔ یہ حملے یکے بعد دیگرے کئی مقامات پر کئے گئے تھے اور ان کا نشانہ زیادہ تر عیسائی اقلیت کو بنایا گیا تھا۔ 21 اپریل کو کئے گئے ان حملوں میں250 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ کلیدی مشتبہ ملزم کی عمر 29 برس ہے ۔ قبل ازیں سعودی حکومت نے ان ہی حملوں کے سلسلہ میں 5 ایسے مشتبہ افراد کو ملک بدر کر کے کولمبو حکومت کے حوالہ کر دیا تھا، جنہیں چند روز پہلے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مرکزی ملزم ملک بدر کیے گئے انہی 5 افراد میں سے ایک بتایا گیا ہے ۔

ایران پر امریکی ڈرون کو مار گرانے کی کوشش کا الزام
واشنگٹن، 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی میڈیا نے الزام عائد کیا کہ ایران نے خلیج عمان میں امریکی ڈرون کو نشانہ بنا کر ایک میزائل حملہ کیا تھا جو ناکام رہا۔سی این این نے جمعہ کو امریکی اہلکار کے حوالہ سے بتایا کہ خلیج عمان میں دو تیل ٹینکروں پر حملے سے پہلے یو ایس ایم کیو -9 ریپر ریکانسنس ڈرون نے ایرانی جہاز کو ان کے قریب دیکھا تھا۔ ایرانی سیکورٹی فورسز نے ڈرون کو دیکھ لیا تھا اور میزائل سے اس پر حملہ کیا۔ میزائل کا نشانہ اگرچہ چوک گیا اور وہ پانی میں گر گیا۔افسر نے بتایا کہ حملہ سے دو دن پہلے بحیرہ احمر میں ایک مبینہ ایرانی میزائل نے امریکی ڈرون کومار گرایا تھا۔قابل غور ہے کہ جمعرات کو دو تیل ٹینکروں -کوککا کریجیئس اور فرنٹ الٹئیر میں آبنائے ہرمز میں دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔