کولمبو ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے اپنی ویزا آن ارائیول (آمد پر ویزا) سہولیات کو چین سے آنے والے مسافرین کیلئے مسدود کردیا کیونکہ صرف ایک روز قبل ہی سری لنکا میں کورونا وائرس سے ایک چینی خاتون کو متاثر پایا گیا ہے۔ یادر ہیکہ چین سے سری لنکا آنے والے سیاحوں کی تعداد قابل لحاظ ہے۔ ملک کی وزارت صحت کے چیف سنتاتھ سورا ویزا نے بتایا کہ ایک 40 سالہ چینی خاتون کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہے جبکہ وہ 19 جنوری کو چین سے یہاں پہنچی تھی تاہم 25 جنوری کو جس وقت وہ ایرپورٹ سے روانہ ہورہی تھی اس وقت ٹسٹنگ کے بعد اسے وائرس کے زیراثر پایا گیا تھا جس کے بعد سے اس ’’متعدی بیماریوں‘‘ والے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جس کے بعد سری لنکا کی وزارت صحت نے چین سے آنے والے لوگوں کیلئے ’’ویزا آن ارائیول‘‘ پالیسی کو معطل کرنے کی ہدایت جاری کی اور اب چین سے سری لنکا آنے والے سیاحوں کو آن لائن پورٹل پر درخواست کا ادخال کرنا ہوگا۔