سزائے موت کے سب سے پُرانے قیدی کو پھانسی

   

ٹیکساس ۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں سزائے موت کے سب سے پُرانے قیدی کو پھانسی دے دی گئی۔ 78 سالہ شخص کو 30 سال قبل معمول کے ٹریفک اسٹاپ کے دوران ایک پولیس اہلکار کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا، 21 اپریل 2022 کو اسے پھانسی دے دی گئی ہے۔ مجرم کارل بنشن کے وکلاء نے امریکی سپریم کورٹ میں ایک حتمی اپیل دائر کی تھی جس میں حکم امتناعی کی درخواست کی گئی تھی، لیکن اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ ٹیکساس کے محکمہ فوجداری انصاف کے مطابق مجرم کو مہلک انجکشن کے ذریعے پھانسی دی گئی اور مقامی وقت کے مطابق شام 6:39 پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔ کارل بنشن ٹیکساس میں سزائے موت کا سب سے معمر شخص تھا، ٹیکساس کسی بھی دوسری امریکی ریاست کے مقابلے میں زیادہ قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارتی ہے۔ جون 1990 میں، مجرم کارل نے معمول کے ٹریفک اسٹاپ کے دوران ہیوسٹن کے پولیس افسر جیمز ایربی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اْس وقت اس کا پہلے سے ہی ایک طویل مجرمانہ ریکارڈ تھا، وہ ایک نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں سزا پانے کے بعد پیرول پر رہا تھا۔