سزا یافتہ سیاست دانوں کو میڈیا کوریج نہ دیا جائے : حکومت پاکستان

   

اسلام آباد۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سزا یافتہ یا زیردریافت سیاست دانوں کے بیانات اور ان سے متعلق دیگر تفصیلات کو میڈیا میں زیادہ جگہ نہیں دی جانی چاہئے۔ حالیہ دنوں میں جیل کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو بہت زیادہ میڈیا کوریج دیا گیا تھا جس پر حکومت نے اعتراض کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ کے ایک اجلاس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی (Pemra) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ سزا یافتہ اور داغدار سیاست دانوں کو زیادہ کوریج نہ دی جائے۔ دریں اثناء وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی کابینہ نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جیل کی سزا پانے والے سیاست دانوں کے احوال کو نہ زیادہ کوریج دی جائے اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی انٹرویو کیا جائے۔