سسودیا، کجریوال سوالوں سے بھاگ رہے ہیں قانون سے بچ نہیں پائیں گے : انوراگ ٹھاکر

   

نئی دہلی ۔ بی جے پی نے ہفتہ کو وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا پر شراب کے ٹھیکوں کی تقسیم میں عام آدمی پارٹی حکومت کی دھاندلی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی حکومت نے نئی ایکسائز پالیسی کو اس وقت واپس لے لیا جب اس میں بدعنوانی منظر عام پر آئی۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ اس پالیسی میں 9,000 کروڑ روپے کی آمدنی کا دعوی کیا گیا تھا، لیکن حکومت کو صرف 1,400 کروڑ روپے ملے ، جب کہ اسی مدت کے دوران وہسکی اور شراب کی فروخت میں 60 سے 80 فیصد اضافہ ہوا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر انوراگ ٹھاکر، دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا اور سابق صدر منوج تیواری نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے نئی ایکسائز پالیسی کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے اور کہا کہ وہ ان سے بھاگ رہے ہیں لیکن قانون ان کا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔ اس معاملے میں دہلی حکومت کے طرز عمل کو چور کی داڑھی میں تنکا قرار دیتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ جب شراب کے ٹھیکے دینے میں دہلی حکومت کی بدعنوانی دیکھی گئی تو سسودیا اور کجریوال نے پالیسی واپس لے لی۔