دنیا بھر سے سیاسی قائدین کے پیامات تعزیت ، دہلی حکومت کا دو دن سوگ منانے کا اعلان ، گوا اسمبلی اجلاس ملتوی
نئی دہلی ۔ /7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر خارجہ آنجہانی سشما سوراج کو آج لودھی روڈ کے شمشان گھاٹ میں پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ نذرآتش کردیا گیا ۔ سینکڑوں افراد بشمول وزیراعظم نریندر مودی ، صدر بی جے پی امیت شاہ اور پارٹی کے سینئر قائد لال کشن اڈوانی نے انہیں وداع کیا ۔ سشما سوراج قائد اپوزیشن اور چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ انہیں پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ نذرآتش کیا گیا ۔ یہ برقی شمشان گھاٹ ہے ۔ بھوٹان کے وزیراعظم شیرین ٹوبے اور این ڈی اے کے دیگر کئی قائدین اور اپوزیشن کے سیاسی قائدین بھی موجود تھے ۔ بی جے پی قائد کی باقیات آخری دیدار کیلئے پارٹی ہیڈکوارٹرس پر رکھی گئی تھیں ۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 67 سال تھی ۔ نذرآتش کرنے سے پہلے ان کی باقیات پارٹی کے دفتر لائی گئیں تھیں ۔ مختلف ریاستوں کے سیاسی قائدین نے سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے گزرجانے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ برسراقتدار بی جے پی کے سینئر قائدین بھی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس نئی دہلی پر منگل کی رات سے ہی موجود تھے جبکہ انہیں قلب پر حملہ کی وجہ سے دواخانہ میں نازک حالت میں شریک کیا گیا تھا ۔
ان کی وفات پر تمام سیاسی قائدین کو صدمہ پہونچا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والے سیاسی قائدین نے پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ سابق چیف منسٹر دہلی ، سابق چیف منسٹر پنجاب ، موجودہ چیف منسٹر پنجاب ، چیف منسٹر ہریانہ ، چیف منسٹر کرناٹک ، سابق چیف منسٹر دہلی ، موجودہ چیف منسٹر دہلی ، مرکزی وزیر ہرش وردھن ، صدر شیوسینا اودھو ٹھاکرے ، چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک ، چیف منسٹر آسام سربانند سونوبال ، جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ مال ملک وغیرہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے میں شامل تھے ۔ اس کے علاوہ گورنر مغربی بنگال ، گورنراور چیف منسٹر چھتیس گڑھ ، سابق اسپیکر لوک سبھا ، سمترا مہاجن ، چیف منسٹر مہاراشٹرا فرنویس ، چیف منسٹر اروناچل پردیش ، برسراقتدار پارٹی بی جے پی چیف منسٹر یو پی یوگی آدتیہ ناتھ ، وزیراعظم سری لنکا رانیل وکرما سنگھے پارٹی رکن شتروگھن سنہا ، گورنر پوڈوچیری کرن بیدی ، سربھ جیت کی بہن دلویر کور ، بی جے پی کارکن اور سشما سوراج کے مداح انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے ۔ گوا کی اسمبلی میں مختلف پارٹیوں کے سیاسی قائدین کے خراج عقیدت کے بعد اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا گیا ۔