نئی دہلی۔ دہلی کی ایک عدالت نے دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم میں پہلوان ساگر کے قتل کے معاملے میں دو مرتبہ کے اولمپک میڈل فاتح پہلوان سشیل کمار کو جمعہ کو عدالتی تحویل کی مدت 9 جولائی تک بڑھادی ہے ۔سشیل کی تحویل کی مدت آج ختم ہونے کے بعد انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ایک مرتبہ پھر پہلوان کی عدالتی حراست کی مدت 14 دن اور بڑھادی ہے ۔ جیل انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ سشیل کو9 جولائی کو پھر عدالتمیں پیش کیا جائے ۔روہنی میں واقع میٹروپولیٹن مجسٹریٹ مینک اگروال کی عدالت کے سامنے سشیل کمار پہلوان کی پیشی ہوئی۔ اس معاملے میں جانچ عہدیدار نے عدالت کے سامنے ملزم کی عدالتی تحویل کی مدت بڑھانے کی اپیل کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔واضح رہے کہ سشیل پر قتل، غیرارادتا قتل اور اغوا کا الزام ہے ۔ ان کے ساتھ نو دیگر افراد بھی عدالتی تحویل میں ہیں۔ پولس کے مطابق سشیل کمار ودیگر پر مبینہ جائیداد کے تنازعہ کے سلسلے میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 4 اور 5 مئی کے درمیان اسٹیڈیم میں ساگر دھن کھڑ اور اس کے دوستوں کی پٹائی کی تھی۔ بعد میں 23 سالہ ساگر کی زخموں کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔