سعودیہ : غلط ’ہروب‘ فائل ہونے پر کیا کیا جائے…؟

   

ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے قوانین کے تحت مملکت میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے کفیل کے ساتھ کام کریں۔ایسے افراد جو اسپانسر(کفیل) کے پاس کام نہیں کرتے، اِن کا عمل غیر قانونی شمار ہوتا ہے جس کی سزا مقرر ہے۔ قانون کے مطابق اسپانسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کارکن کا اقامہ سالانہ بنیاد پرتجدید کرائے۔ علاوہ ازیں کارکنوں کے قیام وطعام اور میڈیکل انشورنس کی ذمہ داری بھی آجر پر عائد ہوتی ہے۔سعودی وزارت محنت کے قانون میں ’ہروب‘ فائل ہونا سنگین جرم مانا جاتا ہے۔ ہروب کا مطلب ہے کارکن کا اپنے اسپانسر کے پاس سے فرار ہونا اورکسی دوسری جگہ غیرقانونی طور پر ملازمت کرنا ہے۔جس شخص کے خلاف ہروب فائل کیا جاتا ہے اسے چاہیے کہ وہ 15 دن کے اندر ہروب کو کینسل کرائے جس کے لیے کفیل یا اس کے مقرر کردہ نمائندے سے رابطہ کرکے معاملے کو ختم کرایا جائے۔ ہروب فائل ہونے کے دوہفتے بعد اسے منسوخ کرانا دشوار ہوجاتا ہے جبکہ دوہفتے کے اندر اندر ہروب کو بہ آسانی کینسل کرایا جاسکتا ہے جس کی تمام کارروائی اسپانسر کے ابشر یا مقیم پورٹل سے کی جاسکتی ہے۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد جوازات اور لیبر آفس میں جس شخص کے خلاف ہروب فائل ہوتا ہے اس کی فائل سیز کردی جاتی ہے جس سے تمام سرکاری معاملات رک جاتے ہیں۔