سعودی اسکولوں میں ’موسیقی‘ غیر نصابی سرگرمی کے طور پرشامل

   

ریاض : سعودی عرب کی میوزک اتھارٹی نے وزارت تعلیم کے تعاون سے ’’میوزیکل کلچر‘‘ کے نام سے ایک غیر نصابی سرگرمی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ سرگرمی وزارت تعلیم کے ’’مائی اسکول‘‘ پلیٹ فارم سے شروع کی گئی ہے جس کا مقصد دلچسپی رکھنے والے طلباء کو موسیقی کے بارے میں معلومات اور ضروری مہارتیں فراہم کرنا اور بین الاقوامی فنکاروں کے طریقوں کے بارے میں جان کاری مہیا کرنا ہے۔اس سرگرمی کے تحت طلبا کے لیے متعدد عنوانات کے موسیقی سے متعلق تکنیکی تصورات، نظریات اور قواعد کی تفصیلی وضاحت کے ساتھ، مختلف موسیقی کے آلات، ان کی درجہ بندی، صنعت اور موسیقی کی تکنیک کے انتخاب کے علاوہ میوسیقی کی دنیا کی شخصیات، سعودی عرب میں موسیقی ورثے اور ’مائی اسکول‘ ایپ کے ذریعے موسیقی کے ورچوئل ایپی سوڈز (اسباق) بھی فراہم کیے جائیں گے۔