ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ویژن 2030ء کے تحت قومی ترقیاتی فنڈ کی حکمت عملی کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈ بینکوں اور فنڈز کے ذریعہ خانگی شعبوں کی معیشت میں شراکت 3گنا سے زیادہ بڑھائے گا اور 2030 ء تک یہ ہدف حاصل کیا جائے گا۔ شہزادہ محمد نے کہا کہ قومی ترقیاتی فنڈ 2030 ء تک ملک کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار میں 570 ارب ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گا،جس کے بعد تیل کے سوا مجموعی قومی پیداوار میں 3گنا سے زیادہ آمدنی ہوگی اور 605 ارب ریال کمائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 2030 ء تک ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی مہیا کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ قومی ترقیاتی فنڈ شاہی فرمان کے تحت قائم ہوا تھا اور اس کی سفارش اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے سربراہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی تھی۔ یہ جی 20 کی معیشتوں میں 496 ارب ریال کے اثاثوں کی بدولت سب سے بڑا فنڈ ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد کی کولمبو میں سری لنکن حکام سے ملاقات کی،جس میں اقتصادی تعاون اور تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر سعود وفد نے کولمبو حکومت کے سامنے ویژن 2030ء کی اہمیت کو اجاگر کیا۔