سعودی حکومت کا تمام فارمیسیز کو مفت کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان

   

ریاض : سعودی عرب نے کورونا ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے مملکت بھر کی فارمیسیز کومفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق ویکسینز کی مملکت بھر میں پھیلاؤ اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ویکسینیشن سینٹرز کے بعد اب فارمیسیز کو بھی ویکسینز فراہم کی جائیں گی۔سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق العربیہ نے اعلان کیا کہ مملکت بھر کی تمام فارمیسیز پر کورونا ویکسینز بلامعاوضہ مہیا کی جائیں گی۔مملکت میں منظور شدہ ویکسینز ہی کے استعمال کی اجازت ہوگی اور ضوابط کے تحت فراہم کی جائے گی۔کم از کم 16 سال کی عمر والے افراد کو ویکسینز لگائی جائیں گی جس کے لیے صحت کے ایپ پررجسٹریشن کروانا ہوگا جبکہ حاملہ خواتین اور بچوں کو ویکسینز نہیں لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے حج کے خواہشمندوں کے لیے ویکسین لگوانے کو اولین شرط قرار دیا ہے۔