سعودی خاتون نے اپنی خادمہ کا دل جیت لیا

   

فائیو اسٹار ہوٹل میں خادمہ کی سالگرہ کا اہتمام

ریاض : سعودی خاتون نے فائیو اسٹار ہوٹل میں اپنی خادمہ کی سالگرہ تقریب منعقد کر کے اسے حیران کر دیا۔ اپنے اعزاز میں شاندار تقریب کے بارے میں معلوم ہونے پر خادمہ کے خوشی سے آنسو نکل گئے۔ مزمز ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر سعودی خاتون کے اس اقدام کو صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنی خادمہ کی عزت افزائی کرکے سب کا سرفخر سے بلند کر دیا۔اس حوالے سے خادمہ کا کہنا تھا کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ وہ اپنی مالکہ کے ہمراہ جہاں جا رہی ہے وہاں اس کیلئے انتہائی خوبصورت ’سرپرائز‘ ہوگا۔خادمہ نے مزید کہا کہ میں اپنی کفیلہ کے ساتھ عالیشان ہوٹل کی ایک ٹیبل پربیٹھی ہوئی تھی کہ اچانک میرے عقب میں ہوٹل کے کارکنان جمع ہو گئے جن کے ہاتھوں میں کیک اور گلدستہ تھا جبکہ ایک شخص گیٹارلیے میرے نام سے سالگرہ مبارک کا گیت گا رہا تھا۔اپنی سالگرہ کی تقریب کو دیکھ کر خادمہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اورخوشی سے اس کے آنسو نکل پڑے۔