ریاض: افغانستان میں سعودی سفیر فیصل الباقمی نے افغان وزیر خارجہ مولوی امیر متقی سے ملاقات کی ہے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ ملاقات کابل میں سعودی سفارت خانے کے نئے سرے سے کھلنے کے ایک ہفتہ بعد سامنے آئی ہے۔ افغانستان کی وزارت خارجہ نے اس سعودی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔تین سال قبل جب طالبان کی حکومت قائم ہوئی تھی تو سعودی عرب نے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا۔سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی سفیر نے افغان دارالحکومت کابل میں افغان وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سعودی عرب کے سفارتی مشن کے نائب سربراہ مشعل مطلق الشماری بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات زیر بحث آئے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان حافظ ضیا احمد کے مطابق مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے علاوہ دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران سعودی عرب میں مقیم افغان شہریوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی کے علاوہ دوطرفہ طور پر موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے امور اور باہمی تعاون میں فروغ کے مسائل زیر بحث آئے۔