لندن : برطانوی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ آئندہ فروری 2024 سے برطانیہ آنے والے سعودی شہریوں کو باقاعدہ ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور انہیں سفارتخانے کا دورہ یا ذاتی انٹرویو کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ ان کیلئے سفری طریقہ کار کو الیکٹرانک ویزٹ ویزا فراہم کرکے آسان بنایا جائے گا۔برطانوی وزارت نے واضح کیا الیکٹرانک ویزا مسافروں کو متعدد دورے کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ویزے کی معیاد دو سال ہے۔ یہ مرحلہ 2024 کے آخر اور 2025 کے آغاز تک عالمی سطح پر بہت سے ممالک میں منتقل کر دیا جائے گا۔ نیا پروگرام موجودہ الیکٹرانک ویزا ویور سسٹم کی جگہ لے گا۔ جس کے تحت جی سی سی ممالک سے یوکے آنے والوں کو ایک ہی دورے کیلئے زیادہ فیس ادا کرنا ہوگی۔2025 کے اوائل میں نئے پروگرام میں امریکہ، یورپی یونین، کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مسافر شامل ہو جائیں گے۔ ان ملکوں کے افراد کو برطانیہ کا سفر کرنے سے پہلے وزٹ ویزا کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔