سعودی عرب۔ ہندوستان کیلئے باہمی تجارت میں کئی مواقع

   

ایس آئی بی این جدہ چیاپٹر کی دعوت افطار ۔ ہندوستانی قونصل جنرل شاہد عالم و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 13 اپریل ( سیاست نیوز ) سعودی انڈین بزنس نیٹ ورک ( ایس آئی بی این ) جدہ چیاپٹر کی جانب سے اپنے ارکان کیلئے سالانہ افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ یہ افطار ہندوستانی قونصل خانہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا ۔ افطار میں ہندوستانی قونصل جنرل محمد شاہد عالم کے علاوہ چند اہم سعودی ارکان جدہ چیاپٹر نے شرکت کی ۔ اپنی تقریر میں ہندوستانی قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے ایس آئی بی این جدہ چیاپٹر کے ارکان کو ماہ رمضان کی مبارکباد دی ۔ ان کا خیر مقدم کیا اور اظہار تشکر بھی کیا ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہر کوئی ماہ رمضان کی سعادتوں سے مستفید ہو رہا ہے ۔ انہوں نے گذشتہ سال کے دوران بہتر خدمات انجام دینے پر ایس آئی بی این کو مبارکباد بھی پیش کی انہوں نے سعودی دوستوں اور ایس آئی بی این کے ارکان سے خطاب میں کہا کہ ایس آئی بی این کی جانب سے کئی تجارتی اجلاسوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ خاص طور پر آئی ٹی اور فارما کے شعبوں میں یہ اجلاس اہم رہے ۔ اب دوسرے اہم شعبوں پر بھی ان کی توجہ ہے اور انہیں امید ہے کہ فریقین کی جانب سے سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائیگا ۔ چونکہ سعودی عرب اور ہندوستان دونوں ہی G-20 کے رکن ممالک ہیں اور ہندوستان اس سال G-20 چوٹی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لا رہا ہے دونوں ملکوں کیلئے اس میں بہتر مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں ۔ دونوںملکوں کے تعلقات میں بھی پیشرفت ہوسکتی ہے ۔ آئندہ دنوں میں دونوں کیلئے کئی مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں۔ ایس آئی بی این کے جنرل سکریٹری پرادیپ شرما نے خیر مقدمی خطاب کیا اور سبھی کو رمضان کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی بی این کا مقصد ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینا ہے ۔ امپورٹ ۔ ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہے ۔ اس سلسلہ میں کئی شعبہ جات میں کام کیا جا رہا ہے ۔ خازن ایس آئی بی این محمد سعید الدین حیدر نے افتتاحی خطاب کیا ۔ شرکاء میںہندوستانی قونصل خانہ کے عملہ و ہندوستانی برادری کے افراد شامل رہے جن میں قابل ذکر دیپک یادو ‘ امجد شریف ‘ شہنشاہ عالم ‘ فیروز بھٹ ‘ محمد ایوب حکیم ‘ مرزا قدرت نواز بیگ ‘ قمر سادہ ‘ وجئے سونی ‘ ڈاکٹر جمشید احمد ‘ نور الدین خان ‘ اویس پٹنی ‘ شنکر اور شیخ خالق شامل تھے ۔