چین میں کامیاب مذاکرات کے بعدمعاہدہ ، داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کا عہد
بیجنگ : چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب اور ایران نے سفارتی تعلقات دوبارہ شروع کرنے اور دونوں ممالک کے سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ تینوں ممالک کا مشترکہ بیان آج جمعہ کو سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے جاری کیا۔ دونوں فریقوں نے مملکتوں کی خودمختاری کا احترام کرنے، ان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرنے اور 2001 میں ان کے درمیان طے شدہ سکیورٹی تعاون کے معاہدے کو فعال کرنے پر اتفاق کرلیا۔ ریاض اور تہران مملکتوں کی خودمختاری کے احترام اور ان کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کا اعادہ کرتے ہیں۔اور سعودی پریس ایجنسی کے مطابق معاہدہ میں طے پایا ہے کا دونوں ممالک دو ماہ کی مدت کے اندر اپنے سفارتخانے دوبارہ کھول دیں گے۔ سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ سفیروں کے تبادلے کا بندوبست کرنے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ملاقات کر رہے ہیں۔ تہران اور ریاض نے 1998 میں دستخط کیے گئے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون کے عمومی معاہدے کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ تینوں ممالک نے ’’علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی‘‘ کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی عرب اور ایران نے 2021-22 میں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کی میزبانی پر عراق اور عمان کا شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب اور ایران نے ان کامیاب مذاکرات کی میزبانی پر چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔