سعودی عرب :اسرائیل کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت

,

   

ریاض : سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات جانے کے لئے اسرائیلی پروازوں کو اپنے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاوس کے سینیئر ایڈوائزر جیرڈ کشنر اور سعودی حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں متحدہ عرب امارات جانے والی اسرائیلی پروازوں کے لیے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا تاہم اس کے لیے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کے حوالے سے معاہدہ ہونا ضروری تھا۔ امریکی حکام کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سینئر ایڈوائزر اور مشرق وسطی کے لئے امریکی قاصد ایوی برکوویز اور برائن ہک نے سعودی حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران سب سے پہلے اسی معاملے کو اٹھایا اور خوش اسلوبی سے حل کرلیا۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے اب تک اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب کی فضائی حدود سے متعلق ہونے والے معاہدے کے بعد اسرائیلی ایئرلائنز کی پہلی تجارتی پرواز متحدہ عرب امارات روانہ ہونے کے لیے تیار ہے۔