سعودی عرب اور مصر کا بحیرۂ احمر میں محفوظ جہاز رانی پر زور

   

محمد بن سلمان اور عبدالفتاح السیسی کی قاہرہ میں ملاقات‘ خطہ کی صورتحال پر غور

قاہرہ۔15؍ستمبر( ایجنسیز )سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے منگل کے روز قاہرہ میں اپنی ملاقات کے دوران بحیرۂ احمر میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کا سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔مصری ایوانِ صدر کے بیان کے مطابق فریقین نے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ صدر السیسی نے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔بحیرۂ احمر اور نہرِ سویز کے جنوبی دروازے کی حیثیت رکھنے والی باب المندب آبنائے رواں سال سعودی عرب کیلئے مزید اہم ہو گئی ہے کیونکہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے دوران ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد تیل کی ترسیل شدید متاثر ہوئی۔جولائی میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد مملکت نے تیل کی برآمدات کیلئے مصر پر انحصار مزید بڑھا دیا ہے خصوصاً سومید پائپ لائن کے ذریعہ ترسیل پر توجہ دی گئی۔