سعودی عرب میں اب نکاح آن لائن ہونگے

,

   

وزیر انصاف کی جانب سے نکاح کے قانون کے ویڈیو کلپس بھی جاری

ریاض 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت انصاف نے آن لائن نکاح کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔ آئندہ سے سعودی شہری اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی افراد بھی آن لائن نکاح کرسکیں گے۔ انھیں نکاح کے لئے عدالت جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت انصاف نے آن لائن نکاح کے قانون کے حوالہ سے ویڈیو کلپ بھی جاری کئے ہیں جس میں اِس کے فوائد سے آگاہ کیا گیا ہے۔ آن لائن نکاح سے نئے جوڑے اور اُن کے رشتہ داروں کو عدالت کا چکر لگانا نہیں پڑے گا۔ علاوہ ازیں امیدوار کو سب سے پہلے وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر جاکر نکاح کے قانون کی بابت معلومات حاصل کرنی ہوں گی۔ اس کے بعد امیدوار کو مطلوبہ معلومات کا اندراج کرانا ہوگا۔ نکاح خواں کا انتخاب نکاح کی تاریخ اور وقت متعین کرنا پڑے گا۔ امیدوار اِن تمام تفصیلات کے ساتھ وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر درخواست بھیجے گا۔ وزارت انصاف نکاح کے خواہشمند شخص اور نکاح خواں کے لئے ازخود پیغامات روانہ کرے گی۔ اگلے مرحلہ میں نکاح خواں دولہا اور دلہن کے شناختی کارڈ کے نمبر اور اُن کی تاریخ پیدائش نکاح کے تحت سسٹم میں درج کرے گا۔اِس کے جواب میں وزارت انصاف سے اِس کے نام ایک ایس ایم ایس آئے گا۔ یہ منظوری کا ایس ایم ایس ہوگا جس کے بعد وہ نکاح پڑھائے گا۔نکاح کی اِس کارروائی کے بعد تیسرا مرحلہ شروع ہوگا جس میں دولہا اور دلہن فنگر پرنٹس کے ذریعہ دستخط کریں گے اور گواہ حضرات بھی بورڈ کے ذریعہ دستخط کریں گے۔ آن لائن نکاح کے حوالہ سے اطلاع ملتے ہی شادی کے خواہشمند جوڑوں کے خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑے گی۔ آن لائن طریقہ کار کی وجہ سے لوگ کاغذی کارروائی سے بھی بچیں گے۔