سعودی عرب میں باجماعت نمازوں پر پابندی کا اندیشہ

   

کورونا کے کیسوں میں اضافہ کے باعث حکام ماہ صیام سے پہلے احتیاطی اقدامات کریں گے
ریاض : سعودی عرب میں کورونا کے کیسوں میں دوبارہ اضافہ کے باعث اس سال بھی باجماعت نمازوں پر پابندی کا اندیشہ بڑھ گیا ہے ۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران مساجد میں باجماعت نماز پڑھنے والوں میں تقریبا 400 مصلیوں کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ۔ حکام نے مصلیوں کی تشخیص کی تو پتہ چلا کہ یہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں ۔ مساجد میں آنے والے نمازیوں کے ٹسٹ کروائے گئے ہیں ۔ کئی نمازیوں کے ٹسٹ پازیٹیو پائے گئے جو تشویش ناک صورتحال ہے ۔ آئندہ چند روز میں رمضان المبارک کی آمد ہے ۔ ایسے وقت میں یہ اندیشہ پیدا ہوگیا ہے کہ کورونا کے یومیہ کیسوں کے اضافہ پر مساجد کو عارضی طور پر بند کردیا جاسکتا ہے ۔ سعودی عرب میں کنگ سعود یونیورسٹی کے انتہائی نگہداشت کے شعبہ کے پروفیسر ڈاکٹر ناصر توفیق نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باعث رمضان کے دوران مساجد میں باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا پروٹوکول اور اصولوں پر سختی سے عمل کریں ۔ کورونا ویکسین لینے والے حد سے مطمئن ہورہے ہیں لیکن ویکسین لینے کے بعد بھی کورونا ہونے کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں ۔۔