سعودی عرب میں دی جانے والی کورونا ویکسین ہراعتبار سے محفوظ : وزیر صحت

   

ریاض : سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہیکہ مملکت میں شہریوں کو کورونا سے بچائو کے لیے لگائی جانے والی ویکسین کی تمام اقسام کسی منفی اثر اور ضمنی اثرات سے محفوظ ہیں۔ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ کورونا ویکسین لگوائے جانے کے دو ہفتوں کے اندر اندر ہی شہریوں میں اس کے غیرمعمولی اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔ مملکت میں دی جانے والی کورونا کی تمام ویکسین محفوظ ہیں۔انہوں نے شہریوںپر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر ویکسین لگوائیں تاکہ اس موذی وبا سے بچا جا سکے۔ادھر سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ وزارت صحت کی طرف سے وبا سے تحفظ کے لیے وضع کردہ قواعد وضوابط کی پابندی سے وبا پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور اس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت مملکت میں کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک مملکت میں 1706455 افراد کو کورونا ویکسین لگوائی جا چکی ہے۔ وبا سے بچائو کے لیے ملک بھر میں 500 ویکسین مراکز قائم کئے گئے ہیں۔