سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں 1088 نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے اور مزید پانچ افراد اس مہلک وَبا کی نذر ہوگئے ہیں۔اس طرح اب کل متوفیوں کی تعداد 97 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 9362 ہوگئی ہے۔نئے کیسوں میں 17 فی صد سعودی عرب کے شہری ہیں اور 83 فی صد غیر شہری ہیں۔
انھوں نے بتایا ہے کہ آج وفات پانے والے پانچوں افراد غیرملکی ہیں۔ان میں چار مکہ مکرمہ میں رہ رہے تھے اور ایک جدہ میں مقیم تھا۔ان کی عمریں 37 سے 64 سال کے درمیان تھیں اور وہ پہلے سے مختلف دائمی عوارض میں مبتلا تھے۔
ڈاکٹرالعبدالعالی نے اتوار کو ایک نیوز کانفرنس میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی علاقہ وار تفصیل جاری کی ہے۔اس کے مطابق مکہ مکرمہ میں سب سے زیادہ 251 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد جدہ میں 210 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان کے بہ قول الدمام میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 194 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں 177، الہفوف میں 123، دارالحکومت الریاض میں 85 اور دس سے زیادہ دوسرے شہروں میں دو، دو ،چار چار کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ مملکت میں اب تک 1398 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت گذشتہ ہفتے تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کے روزانہ قریباً پانچ سو کیسوں کی اطلاع دے رہے تھی لیکن ہفتے سے ایک دن میں اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد دُگنا ہوگئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ طبی ٹیمیں بالخصوص مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی آبادیوں میں کرونا وائرس کی سکریننگ کررہی ہیں۔ٹیسٹوں کی صلاحیت میں اضافہ ایک پیشگی حفاظتی اقدام ہے۔اس سے متاثرہ افراد کی بالکل ابتدا ہی میں تشخیص میں مدد مل سکتی ہے اور یوں انھیں الگ تھلگ کرکے ان کےعلاج کا عمل شروع کردیا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک گنجان آباد علاقوں میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں۔ان میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں مزدور طبقہ زیادہ تعداد میں رہ رہا ہے۔وزارت صحت کے مطابق اب تک کرونا وائرس کے ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔