سعودی عرب میں 214 ہوٹل زیر تعمیر

   

ریاض ۔12 جون(سیاست ڈاٹ کام) کورونا کی وبا کے باوجود سعودی عرب میں 214 ہوٹلز زیر تعمیر ہیں۔ سعودی عرب میں میریٹ اور ہلٹن ہوٹل چینز کے درمیان ہوٹلنگ سیکٹر میں مقابلے کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق امریکہ کی کنسلٹنٹ کمپنی لوڈنگ اکانومیٹرکس نے کہا ہے کہ ان دنوں مشرق وسطی میں کافی ہوٹلز زیر تعمیر ہیں۔کساد بازاری کے باوجود ایک لاکھ 72 ہزار کمروں پر مشتمل 670 ہوٹلز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ سالانہ بنیاد پر تکمیل کی رفتار3 تا 5 فیصد تک متاثر ہوئی ہے۔امریکی کمپنی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطٰی میں 357 ہوٹلوںکی تعمیر جاری ہے جبکہ آئندہ 12 ماہ کے دوران 28 ہزارکمروں پر مشتمل ہوٹلوں کی تعمیر شروع ہوگی۔ علاوہ ازیں29 ہزارکمروں پر مشتمل 137 ہوٹلوں کی پلاننگ جاری ہے۔امریکی کمپنی نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب میں 70 ہزار کمروں پر مشتمل 214 ہوٹلوں کی تعمیرجاری ہے۔مصر میں 16 ہزارکمروں پر مشتمل 65 ہوٹل اور سلطنت عمان میں 7545 کمروں پر مشتمل 39 ہوٹل تعمیر کیے جا رہے ہیں۔امریکی کمپنی نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ 2020 کی پہلی سہ ماہی کے دوران انٹرنیشنل میریٹ کمپنی مشرق وسطی میں پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔کمپنی 24 ہزارکمروں پر مشتمل 97 ہوٹلز بنا رہی ہے۔ اس کے بعد انٹرنیشنل ہلٹن کمپنی کا نمبر ہے جو 25 ہزار کمروں پر مشتمل 94 ہوٹلز تعمیر کرا رہی ہے۔ تیسرا نمبراکورکا ہے جو 27 ہزار کمروں کے 91 ہوٹل تعمیر کر رہی ہے۔ امریکی کمپنی نے اپنی رپورٹ میں توجہ دلائی کہ ایسا لگتا ہے کہ مشرق وسطی میں سال رواں کی پہلی سہ ماہی کورونا وائرس کے اثرات سے مکمل طور پرخالی رہی۔ ہوٹلنگ کا شعبہ کورونا کی وبا سے کس حد تک متاثر ہوگا یہ پیش قیاسی ابھی نہیں ہوگی۔