سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے 24 گھنٹے میں 7 حملے

   

صنعا : یمنی باغیوں نے سعودی عرب پر حملے تیز کردیے۔ یمن میں حوثیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ باغیوں نے 24گھنٹے کے دوران سعودی شہروں پر 7حملے کیے،جنہیں ناکام بنادیا گیا۔ اس سے قبل عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ حملے سعودی شہر خمیس مشیط پر کیے گئے، جب کہ ایک حملہ یمن کے شہر مارب میں اتحادی فوج پر کیا گیا تھا۔ عرب اتحاد کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ باغی میزائل حملے کرکے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ بیان میں مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے شہریوں اور عوامی اہداف کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کررہے ہیں۔ حوثیوں نے جمعہ کی صبح اور سہ پہرکو خمیس مشیط کی جانب بارود سے بھرے 2ڈرون روانہ کیے تھے، لیکن عرب اتحادی فورسز نے انہیں فضا ہی میں تباہ کردیا تھا۔