سعودی عرب کا 30 جولائی سے عمرہ پرمٹ جاری کرنے کا اعلان

   

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہیکہ یکم محرم 1444ھ مطابق 30 جولائی 2022 سے عمرہ پرمٹ اور بکنگ اعتمرنا کے ذریعہ کرائی جا سکتی ہے۔میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھاکہ عمرہ زائرین سکون و اطمینان اور سہولت و آسانی سے عمرہ کر سکیں گے۔ زائرین کیلئے مطلوب تمام سہولتیں مہیا ہوں گی، اعتمرنا ایپ کے ذریعہ عمرہ پرمٹ کے اجرا اور بکنگ کی سہولت اسی حکمت عملی کا حصہ ہے، اعتمرنا ایپ کے ذریعہ مسجد الحرام کی گنجائش کے لحاظ سے عمرہ پرمٹ جاری ہوں گے۔حکام کے مطابق بکنگ کراتے وقت زائرین کو متعدد آپشن دیئے جائیں گے،اعتمرنا ایپ کے ذریعہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں داخلہ کے حوالے سے متعدد ہدایات بھی پیش کی جا رہی ہیں، اعتمرنا ایپ کے ذریعہ عمرہ اور زیارت کے پرمٹ اور اس کی بکنگ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی بھی کرا سکتے ہیں۔خلیجی تعاون کونسل کے شہریوں اور وہاں مقیم غیرملکیوں کو بھی یہی سہولت حاصل ہوگی۔ وزارت نے توجہ دلائی ہیکہ عمرہ پرمٹ کیلئے بکنگ کا دارومدار حرم شریف میں گنجائش پر ہے، اگر سبز رنگ نظر آرہا ہو تو اس کا مطلب یہ ہیکہ معمولی بھیڑ ہے۔ سرخ رنگ زیادہ رش کی علامت ہے جبکہ نارنجی رنگ اوسط درجہ کے رش کا پتہ دیتا ہے اور سرمئی رنگ اس بات کی علامت ہیکہ حرم شریف میں مزید بکنگ کی گنجائش نہیں۔