سعودی عرب کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں کامیاب: وزارت صحت

   


ویکسین کیلئے میڈیکل ٹسٹ کی ضرورت نہیں

ریاض : سعودی عرب میں محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوویڈ19 پر قابو پا لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 139 نئے مریض ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ مارچ میں وبا کے سر اٹھانے کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مریضوں کی تعداد150 سے کم رہی۔ وزارت صحت کی ہفتہ وار رپورٹ میں کوویڈ 19 کے مریضوں کے نقشے میں تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب کے تقریباً تمام علاقے محفوظ زون میں ہیں اور رپورٹ میں گذشتہ ہفتے سے50 سے کم مریضوں سامنے آرہے ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم ان ممالک میں سے ہیں جہاں مریضوں میں قابل لحاظ کمی دیکھی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کا وبا پراب زیادہ قابو ہے۔ یہ کامیابی طے کردہ (حفاظتی) اقدامات پر عمل کرنے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔ یہ کمیونٹی اور متعلقہ حکام کے درمیان تعاون کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر اورجرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بننے والی ویکسین کی پہلی کھیپ کچھ دنوں میں سعودی عرب پہنچ جائے گی اور وزارت صحت کے ترجمان نے ممالک میں موجود تمام افراد پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں اگر وہ کوویڈ19 سے صحت یاب ہوئے ہیں تو بھی انہیں ویکسین لگوانے کی ہدایت دی گئی ہے۔دنیا بھر سے ویکسین سے متعلق ڈیٹا رپورٹس میں مثبت نشانیاں سامنے آئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق ویکسین لینے سے قبل صحت کے معائنے کی ضرورت نہیں۔ ویکسین کے لئے رجسٹر کروانے والوں سے ان کی صحت سے متعلق معمول کے سوال کیے جائیں گے۔ڈاکٹر محمد العبد العالی نے مزید کہا ہے کہ کورونا ویکسین لینے سے قبل کسی ٹسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ویکسین تمام تجرباتی مراحل سے گزر چکی ہے اور بہترین طبی نتائج کی حامل ہے۔وزارت کے زیر انتظام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین لینے سے قبل بہتر ہوگا کہ مریض اپنی طبی تفصیلات کے بارے میں ڈاکٹرکو مطلع کردے تاکہ معالج کو یہ معلوم ہو سکے کہ مریض کو کون سے دیگر امراض لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے کورونا ویکسین کی مملکت کے لئے اسی وقت منظوری دی گئی جب ویکسین کے حوالے سے تمام لیبارٹری تجرباتی مراحل کامیاب ہوئے۔ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے مکمل تحقیق کرلینے کے بعد ہی فائزرکی کورونا ویکسین کو سعودی کے لئے منظورکیاگیا ہے۔ واضح رہے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے لئے فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کو سعودی میں استعمال کی اجازت دی جا چکی ہے۔ اس ضمن میں ویکسین کی آمد کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہے۔ویکسین کی منظوری سے قبل متعلقہ کمیٹی جس میں طب اور شعبہ ادویات کے ماہرین بھی شامل ہیں، نے ویکسین کے حوالے سے تمام مراحل کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے جن کی تیارکردہ رپورٹس کے بعد سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ویکیسن کی مملکت میں درآمد کی اجازت جاری کی۔