ریاض : سعودی عرب میں امریکی سفارتخانہ کی قائم مقام سفیر مارٹینا سٹرونگ نے امریکی پویلین کے افتتاح کے موقع پر عالمی دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والی 75 امریکی کمپنیوں سے خطاب کیا جو کہ نمائش میں سب سے بڑا پویلین ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے اہم سیکیورٹی پارٹنر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اس تاریخ کا احترام کرتے ہیں اور آنے والی دہائیوں میں مزید دفاعی تعاون کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی پارٹنرشپ کا آغاز 1945 میں یو ایس نیوی کے کروزر پر ہوا جب شاہ عبدالعزیز نے یو ایس ایس کوئنسی پر سوار صدر روزویلٹ سے ملاقات کی۔ ان کی تاریخی ملاقات اور مشترکہ نقطہ نظر نے کئی دہائیوں کے مضبوط سیکورٹی تعلقات کو جنم دیا۔
غور طلب ہے کہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ شب پہلی عالمی دفاعی نمائش کا افتتاح کیا جس کا اہتمام جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے 3 تا 6 شعبان 1443 ہجری بمطابق 6 تا 9 مارچ 2022 کے دوران کیا تھا۔