سعودی عرب کے فضائی حملے کے بعد یمن میں انٹرنیٹ سرویس مسدود

   

صنعا: یمن کئے شہر حدیدہ میں سعودی عرب کے فضائی حملے کے بعد ملک میں انٹرنیٹ کنکشن منقطع ہو گیا۔ انٹرنیٹ منقطع ہونے کے مسائل مقامی وقت کے مطابق رات 1 بجے کے قریب شروع ہوئے اور اس نے ملک میں انٹرنیٹ تک رسائی کو کنٹرول کرنے والی سرکاری کمپنی ٹیلی یمن کو بری طرح متاثر کیا۔ٹیلی یمن اب حوثی باغی چلا رہے ہیں جنہوں نے 2014 کے آخر سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر رکھا ہے۔
نیٹ بلاکس نے تفصیل بتائے بغیر کہا کہ ایک ٹیلی کام عمارت پر فضائی حملے کے بعد یمن میں قومی سطح پر انٹرنیٹ کو بلیک آؤٹ کا سامنا ہے۔سان ڈیاگو میں قائم سینٹر فار اپلائیڈ انٹرنیٹ ڈیٹا اینالیسز اور سان فرانسسکو میں قائم انٹرنیٹ فرم کلاؤڈ فلیئر نے بھی یمن کو متاثر کرنے والی ملک گیر بندش کی نشاندہی کی۔حوثیوں سے لڑنے والے سعودی اتحاد نے الحدیدہ کی بندرگاہ کے اردگرد شدت پسند تنظیم کی تنصیبات کو تباہ کرنے کے لیے درست فضائی حملے کرنے کا اعتراف کیا۔البتہ انہوں نے فوری طور پر ٹیلی کمیونیکیشن کے ہدف کو نشانہ بنانے کا اعتراف نہیں کیا بلکہ اس کے بجائے حدیدہ کو قزاقی اور ایرانی اسلحے کی اسمگلنگ کا مرکز قرار دیا۔