کڑپہ کے دو یتیم بچوں کیلئے 40 لاکھ روپئے کی امداد، جن کے والد حوثیوں کے حملے میں ہلاک اور ماں کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) سعودی عرب کے ولیعہد شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کڑپہ کے دو یتیم بچوں کی کفالت کیلئے 40 لاکھ روپئے کا اعلان کیا ہے جن کے والد سعودی عرب میں حوثی دہشت گردوں کے میزائل حملے میں ہلاک ہوگئے تھے اور اس کی اطلاع ملنے کے بعد ان کی شریک حیات بھی خودکشی کرلی تھی جس سے ان کے دونوں بچے یتیم ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ضلع وائی ایس راج شیکھر ریڈی (کڑپہ) انلور منڈل کے کملاکوروں گاؤں سے تعلق رکھنے والا وینکٹ سباریڈی قرض میں مبتلاء ہوگیا تھا اور روزگار کیلئے 5 سال قبل اپریل 2017ء سعودی عرب روانہ ہوا تھا، جہاں وہ سعودی شہر نجران کے مضافات میں اپنی گاڑی کی صفائی کررہا تھا، اس دوران حوثی دہشت گردوں کے میزائل حملے میں ہلاک ہوگیا۔ جب اس کی اطلاع وینکٹ سباریڈی کی بیوی ایشوراماں کو ملی تو وہ دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی جس کی وجہ سے اس جوڑے کے دو بچے موہن اور وینکٹ یتیم ہوگئے۔ جب اس کی اطلاع شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ملی تو انہوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان یتیم بچوں کی کفالت کیلئے 40 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔ بچے نابالغ ہونے کی وجہ سے ان کے بینک اکاؤنٹس نہیں تھے، جس سے 40 لاکھ روپئے بینک اکاؤنٹس میں بھیجنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ تاہم کویت میں کام کرنے والے اسی ضلع کے ایک غیرملکی سماجی کارکن ڈگی گنگادھر نے ردعمل کا اظہار کیا اور یتیم بچوں کا بینک کھاتہ کھلوایا اور 40 لاکھ روپئے بچوں کے اکاؤنٹس میں پہنچ گئے۔ ہندوستانی قونصل خانہ کے عہدیداروں نے یتیم بچوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا جس سے یہ ممکن ہو پایا ہے۔ن