سعودی فٹبال کلب النصر نے امریکی انٹر میامی کو شکست دی

   

لیونل میسی بھی آخری لمحات میں میدان میں اْترے لیکن ٹیم کو ہار سے نہیں بچا سکے

ریاض :سعودی فٹ بال کلب النصر نے میسی کے امریکی کلب انٹر میامی کو دوستانہ میچ میں 0-6 سے شکست دے دی۔برازیلین کھلاڑی ٹیلسکا نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، اسٹار کھلاڑی میسی صرف 7 منٹ کے لیے میدان میں اْترے، النصر سے کھیلنے والے کرسٹیانو رونالڈو انجری کے سبب میچ کا حصہ نہیں بنے۔ریاض میں کھیلے گئے اس دوستانہ میچ میں سعودی عرب کے کلب النصر کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹر میامی کو بے بس کردیا۔النصر نے ابتدائی 12 منٹ میں ہی 3 گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔ میچ کے پہلے ہاف میں النصر نے یہ گول چوتھے، گیارہویں اور تیرہویں منٹ میں بنائے جس میں سے ایمرک لیپورٹے کے اسکور کیے گئے گول پر بینچ پر بیٹھے کرسٹیانو رونالڈو بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔لیپورٹے نے اپنے ہاف سے لگائی جانے والی ایک فری کک کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔دوسرے ہاف میں النصر نے مزید 3 گول بنائے۔ اس دوران لیونل میسی بھی 7 منٹ کے لیے میدان میں اْترے لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔