سعودی میں اقاموں کی توسیع جلد ہی خودکار نظام کے تحت ہوگی

,

   

ریاض۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ شاہی فرمان کے مطابق تمام تارکین وطن کے اقاموں میں توسیع جلد ہی خود کار نظام کے تحت کردی جائے گی۔ ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ان تمام غیرملکیوں کے اقاموں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹرکے خودکار نظام کے تحت جلد کردی جائے گی، جنہیں شاہی فرمان کے ذریعے جرمانوں اور فیس سے استثنی دے دیا گیا ہے۔جبکہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے۔محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے متعدد زمروں میں آنے والے غیرملکیوں کو ویزے اور اقامہ ختم ہو جانے پرلگنے والے جرمانوں اور فیسوں سے استثنی دے دیا ہے۔اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے جرمانے اور فیس سے مستثنی غیرملکیوں کے زمروں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کے دوران سفری پابندیوں کے باعث اقامے اور ویزے کی مدت ختم ہوجانے کی مشکلات سے دوچار غیرملکیوں کو جرمانے اور فیس سے استثنیٰ دینے اعلان کیا تھا۔ میڈیا کے مطابق میجر جنرل سلیمان الیحیی نے کہا کہ جو لوگ خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ہولڈر ہیں، ان کا اقامہ موثر ہے اور وہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آ سکے، ان پرکوئی جرمانہ ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔اسی طرح وہ غیرملکی جن کا اقامہ ختم ہوگیا ہو، یا سعودی عرب سے باہر رہتے ہوئے ان کے ویزے کی میعاد ختم ہو گئی ہو وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔سعودی عرب میں مقیم وہ غیرملکی جو فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) جاری کر چکے ہوں یا ان کے پاس خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ) ہو اور سفر نہ کرسکے ہوں، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔وہ لوگ جو سعودی عرب وزٹ ویزے پر آئے ہوں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے واپس نہ جا سکے ہوں وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہیں۔