سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نجی دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

   

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نجی دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔ یہ اطلاع سعودی پریس ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں دی ہے۔ولی عہد کی اس دورے کے دوران امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات طے کی گئی تھی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ اور علاقے میں بنی مشکل صورت حال پر تبادلہ خیال سب سے اہم ایجنڈا رہی۔ علاوہ ازیں خطے میں امن و استحکام کے امور پر باہمی مشاورت کی گئی۔ جبکہ نئے بحران کا بھی جائزہ لیا گیا جو علاقے کی سلامتی کیلئے ایک چیلنج بن سکتا ہے۔دونوں اعلیٰ عرب شخصیات نے اس موقع پر فلسطینی تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار امن و سلامتی کے ساتھ جامع حل کیلئے دو ریاستی حل پر بھی بات چیت کی۔ وہ اس سے پہلے کویت میں تھے جہاں انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔