سعودی کی ہوٹلس میں رمضان المبارک کی تیاریاں شروع

   

مکہ مکرمہ : مکہ میں تقریبا 1200 ہوٹلوں کی جانب سے رمضان مبارک کے سیزن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ان زائرین کو خدمات پیش کرنے کے حوالے سے مسابقت کا پہلو نمایاں ہے جو ماہ مبارک کے دن بیت اللہ کے سائے میں گزارنا چاہتے ہیں۔العربیہ نیٹ کے مطابق قومی کمیشن برائے حج و عمرہ کے نائب سربراہ اور مکہ میں ہوٹلز ایسوسی ایشن کے رکن ہانی العمیری نے کہا ہے کہ ’رمضان کے دوران ہوٹلوں میں بکنگ میں اضافے اور ٹرانسپورٹ، ریستوران اور شاپنگ سیکٹروں میں تجارتی سرگرمیاں بڑھ جانے کے قوی امکانات ہیں‘۔’اعتمرنا ایپلی کیشن کے ذریعے اندرون ملک سے زائرین کی ایک بڑی تعداد مکہ مکرمہ کا رخ کرے گی‘۔العمیری نے رمضان کے دوران ہوٹل، ٹرانسپورٹ، ریستوران اور شاپنگ کے سیکٹروں کے مجموعی منافع کا اندازہ تقریبا 3 ارب ریال لگایا ہے۔
دوا سے ہلاکتوں پر کمپنی کو 32 کروڑ ڈالر کا جرمانہ
پیرس : فرانس میں ذیابیطس کے مریضوں کا وزن کم کرنے والی دوا کے نہایت مضر اثرات کے باعث ہلاکتوں کے بعد دوا ساز کمپنی پر 32 کروڑ ڈالر جرمانہ اور ذمے داروں کو قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی عدالت نے معروف کمپنی سرویئر کی ذیابیطس کے مریضوں کا وزن کم کرنے والی دوا میڈی ایئٹر سے سیکڑوں افراد کے دل اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوکر ہلاکتوں پر 32 کروڑ ڈالر یعنی 50 ارب پاکستانی روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ جج نے فیصلے میں لکھا ہے کہ کمپنی دوا کے مضر خطرات کے بارے میں جانتی تھی۔