سعودی کے سیاحتی ویزوں کی مدت میںازخودتوسیع

,

   

ریاض۔28 مئی(سیاست ڈاٹ کام) سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کی جانب سے مملکت میں موجود سیاحتی ویزوں پر مقیم بیرونی افراد کے ویزوں میں تین ماہ کے لیے خود کار توسیع کردی گئی ہے۔جوازات کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے سیاح جو کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کے باعث مملکت سے روانہ نہیں ہو سکے ان کے ویزوں کی مدت میں بغیر کسی فیس کے 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے وہ افراد جو مملکت میں مقیم ہیں اور واپس نہ جاسکے انہیں اپنے ویزوں میں توسیع کے لیے جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ انکے ویزوں میں خودکار طور پر توسیع کردی جائے گی۔جوازات کے بموجب سیاحتی ویزوں میں خودکار توسیع قومی ادارہ معلومات کے تعاون سے کی جائے گی۔ قومی ادارہ معلومات موجودہ ڈیٹا کے حوالے سے ویزوں کی توسیع کا کام مرحلہ وار کرے گا جس سے ان لوگوں کو سہولت ہو گی جو سیاحتی ویزے پر آئے ہوئے ہیں۔یادرہے سعودی عرب میں فروغ سیاحت کے لیے گزشتہ برس جامع نظام مرتب کیا گیا تھا جس کے تحت مختلف ممالک کے شہریوں کو سعود آمد پر بھی سیاحتی ویزوں کا اجرا شامل ہے۔واضح رہے مملکت میں کورونا وائرس کے بعد مارچ کے دوسرے ہفتے سے پروازوں پر مرحلہ وار پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی وجہ سے سعودی عرب سے جانے والے اور یہاں آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے مرحلہ وار خصوصی پروازیں جاری کی ہوئی ہیں جن کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔دوسری جانب پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے بیرونی افراد جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں کی واپس کے لیے خصوصی منصوبہ بھی جاری ہے جسے عودہ کا نام دیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت وطن جانے کے خواہشمند اپنی تفصیلات درج کرواتے ہیں جیسے ہی مخصوص ملک کے افراد کی مطلوبہ تعداد جمع ہوجاتی ہے اس ملک کی متعلقہ وزارت سے رابطہ کرکے وہاں کیلیے پرواز کا بندوبست کردیاجاتاہے۔