سعید آباد اسٹیل برج کا جلد افتتاح کیا جائیگا : پونم پربھاکر

   

ریاستی وزیر محمد اظہر الدین ‘ ارکان اسمبلی و سرکاری عہدیدار وں کے ساتھ دورہ

حیدرآباد 5 اگست ( پریس نوٹ ) وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، حکومتی مشیر وی ہنمنت راؤ، ارکانِ اسمبلی احمد بن عبداللہ بلالہ اور کالیرو وینکٹیش کے ہمراہ پونم پربھاکر نے نئے سعیدآباد اسٹیل برج اور موسیٰ رام باغ برج کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد میں طویل عرصہ سے زیر التوا سعیدآباد اسٹیل برج 680 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ برج چنچل گوڑہ جیل سے اویسی ہاسپٹل تک تعمیر کیا گیا ، جبکہ اضافی لائن چمپاپیٹ تک مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس برج کا افتتاح چیف منسٹر کے ہاتھوں انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس برج سے سنتوش نگر، چنچل گوڑہ جیل، سعیدآباد اور اطراف کے عوام کو سہولت ہوگی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سعیدآباد اسٹیل برج کے ساتھ موسیٰ رام باغ برج کو جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں برج ان علاقوں کے عوام کیلئے مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ان برجوں تک جانے والی سڑکوں کو بھی وسیع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے زیر التوا برجوں کی تکمیل میں چیف منسٹر نے خصوصی دلچسپی لی ہے۔وزیر نے کہا کہ شہر کی بڑھتی آبادی کے مطابق بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور کے بی آر پارک کے قریب برج کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ، اس کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ حیدرآباد میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے حکومت منصوبہ بند طریقے سے فلائی اوور تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان فلائی اوورز سے نہ صرف ٹریفک جام میں کمی آئے گی بلکہ سفر کے وقت کی بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر میں ٹریفک کے مسائل و زیادہ بھیڑ والے چوراہوں کی نشاندہی کر رہی ہے اور عوام کی سہولت کیلئے ضرورت کے مطابق مزید نئے فلائی اوور کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن ، ضلع کلکٹر ڈاکٹر پریانکا آلا، متعلقہ انجینئرنگ افسران، کنٹراکٹرس موجود تھے ۔