حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشنر یڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 17 ستمبر کو مرکزی حکومت کی جانب سے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد کئے جانے والے سقوط حیدرآباد کے سرکاری پروگرام میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔ مکتوب میں کشن ریڈی نے بتایا کہ اس تقریب میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جی کشن ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے ساتھ چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے چیف منسٹر کرناٹک بسوراج بومئی کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اسٹیٹ کے ہندوستانی مملکت میں انضمام کے بعد چند اضلاع کرناٹک اور چند اضلاع مہاراشٹرا میں شامل ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے تینوں ریاستوں کا سقوط حیدرآباد سے تعلق ہے۔ سقوط حیدرآباد۔ انضمام حیدرآباد کے مسئلہ کو لے کر ریاست میں سیاست شروع ہوگئی ہے اور ہر سیاسی پارٹی اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ 17 ستمبر کو حیدرآباد اسٹیٹ کے ہندوستان مملکت میں انضمام کے 74 سال مکمل ہورہے ہیں۔ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت اور ٹی آر ایس کی جانب سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے سرکاری تقاریب کا اہتمام کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ن
جبکہ اس مسئلہ پر کانگریس قائدین کی رائے منقسم ہے۔ چند قائدین تقاریب منانے اور چند قائدین سیاسی فائدہاٹھانے مسئلہ کو اچھالنے کا ٹی آر ایس اور بی جے پی پر الزام عائد کررہے ہیں۔ن