سلامتی کونسل طالبان معاہدہ پر ووٹنگ کرے : امریکہ

   

واشنگٹن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر ووٹنگ کرے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کی راہ ہموار ہو گی۔ دوسری جانب فروری کی 29 تاریخ کو طے پانے والے اس معاہدے کے بعد افغانستان سے امریکہ فوج کا مرحلہ وار انخلا شروع ہو گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف ممالک کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے بعد سلامتی کونسل سے اس معاہدے پر ووٹنگ کے لیے کہا گیا ہے۔ سلامتی کونسل میں یہ قرارداد ایک ایسے موقع پر پیش کی جا رہی ہے، جب افغانستان میں گزشتہ روز دو مختلف تقاریب میں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے صدارت کے منصب کا حلف اٹھا لیا۔ عبداللہ عبداللہ نے صدارتی انتخابات میں اشرف غنی کی کامیابی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی فتح کا اعلان کیا تھا۔