کابل میں ’سیف زون‘ بنانے کی تجویز : صدر فرانس
پیرس: فرانس اور برطانیہ اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ وہ افغانستان میں انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کے پیش نظر دارالحکومت کابل میں ایک ’سیف زون‘ بنائے ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین کے ساتھ افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے ۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فرانس اور برطانیہ ایک ’مسودہ تجویز‘ تیار کر رہے ہیں جس کا مقصد افغانستان میں انسانی ہمدردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے زیر کنٹرول کوششوں کے تحت کابل میں ایک ’سیف زون‘بنانا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’سیف زون‘ اقوام متحدہ کو ہنگامی صورتحال میں کام کرنے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فرانس کو قطر پر اعتماد ہے کہ وہ افغانستان میں ائر لفٹ آپریشن سے متعلق معاملات میں مدد کرے گا۔ میکرون نے تصدیق کی کہ طالبان کے ساتھ انسانی ہمدردی کی کارروائیوں اور افغانیوں کے انخلا کے لیے بات چیت شروع کر دی گئی ہے ۔