سلمان خان کی فلم سے ٹکراؤ، پربھاس کی فلم میں تاخیر !

   

حیدرآباد، 7 مئی (ایجنسیز) فلم انڈسٹری کے دو بڑے سوپراسٹارز، سلمان خان اور پربھاس کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی اگلی فلم، جس کا عارضی نام ایس وی سی63 رکھا گیا ہے اور جس کی ہدایت کاری وامشی پڈی پلی کر رہے ہیں، اب باضابطہ طور پر عید 2027 کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ سلمان خان کی اس پیش قدمی نے جنوبی ہند کے سوپر اسٹار پربھاس کی آنے والی فلم اسپرٹ کے شیڈول میں ہلچل مچا دی ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسپرٹ کے میکرز اب اپنی فلم کی ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھانے پر سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سلمان خان اور نینتارا کی اس فلم کے لیے عید (مارچ 2027) کا وقت لاک کردیاگیا ہے۔ چونکہ عید سلمان خان کے لیے ہمیشہ سے ایک کامیاب موقع ہے، اس لیے فلم اسپرٹ کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا کا ماننا ہے کہ اسی دوران اپنی فلم ریلیزکرنا تجارتی لحاظ سے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ کبیر سنگھ اور اینیمل جیسی فلموں دینے والے سندیپ ریڈی وانگا اپنی فلموں کے لیے ایک طویل سولو رن چاہتے ہیں تاکہ فلم باکس آفس پر بغیرکسی بڑے ٹکراؤ کے زیادہ سے زیادہ بزنس کر سکے، اسی لیے یہ فیصلہ کسی فنی تاخیر کے بجائے مکمل طور پر ایک نپا تلاکاروباری اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ریلیز کی تاریخ میں اس ممکنہ تبدیلی کے باوجود اسپرٹ کی شوٹنگ کی رفتارکو سست نہیں کیا جائے گا۔ پروڈکشن ٹیم اپنے مقررہ منصوبے کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ فلم 2027 کے آغاز تک مکمل کر لی جائے۔ ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا شوٹنگ کے بعد فلم کی ایڈیٹنگ، بیک گراؤنڈ اسکور اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے وافر وقت رکھنا چاہتے ہیں۔ چونکہ یہ ایک پین انڈیا فلم ہے، اس لیے وہ ہندی، تیلگو اور دیگر زبانوں میں ڈبنگ کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دینے کے خواہشمند ہیں۔ فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سطح کی بڑی فلموں کے درمیان ٹکراؤ سے بچنا انڈسٹری کے مجموعی بزنس کے لیے بہتر ہوتا ہے، کیونکہ اس سے شائقین بٹنے کے بجائے دونوں فلموں کو بھرپور ردعمل ملنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔